منگلورو 2؍فروری (ایس او نیوز) مرکزی کی حکومت کی جانب سے مجوزہ موٹر وہیکل ایکٹ عمل میں لانے کی کوشش اور پٹرول وڈیزل کے دام بڑھائے جانے کے خلاف کانگریس کی طرف سے جنوبی کینرا میں کل احتجاج کیا جائے گا۔
جنوبی کینرا کانگریس کے عبوری صدر ابراہیم کوڈیجال کی طرف سے پریس کانفرنس میں جاری بیان کے مطابق آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی طرف سے ملی ہدایات کے تحت کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی نے 3فروری کو مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ منعقدکرنے کو کہا ہے۔ اس پس منظر میں جنوبی کینرا کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے۔جس میں منگلورو آر ٹی او دفترکا عقبی علاقہ، سولیا تعلقہ آفس، پتور آر ٹی او دفتر، بنٹوال تعلقہ دفتر، بیلتھنگڈی تعلقہ دفتراور موڈبدری کے ناڈ کچیری کے سامنے والا علاقہ شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کو ریاستی کابینہ اور اراکین پارلیمان کو اعتماد میں لیتے ہوئے اقدامات کرنے چاہئیں، لیکن وہ اپنے من مانے فیصلے کررہے ہیں اور اپنے اس رویے سے غریبوں، مزدوروں اور عام انسانوں کے لئے مسائل کھڑے کررہے ہیں۔اسی لئے احتجاجی مظاہرے میں سرکاری فیصلوں سے مسائل میں گھرے ہوئے دکھی لوگ شریک ہونگے۔مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، مگر ہندوستان میں اس کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں۔اور اسی وجہ سے عام استعمال کی اشیاء بھی مہنگی ہوتی جارہی ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے کئی لیڈران حاضر تھے۔